لاہور (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک ) پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی نے 20 اوورز ورلڈ کپ کیلئے 30 ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا۔ توقع کے برعکس محمد یوسف اور عبدالرزاق کو بھی ان میں شامل کرلیا گیا جن کے بارے میں کہا جارہا تھا کہ وہ 20 اوورز کرکٹ کیلئے موزوں نہیں ہیں جبکہ 30 کھلاڑیوں میں صرف 2 وکٹ کیپر کامران اکمل اور ذوالقرنین حیدر کو شامل کیا گیا۔ آئی سی سی کے قوانین کے مطابق پہلے 30 ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست ارسال کی جاتی ہے اور بعد میں اس لسٹ کو مختصر کرکے 15 کھلاڑیوں کا چناؤ کیا جاتا ہے جو اگست میں کیا جائے گا۔ پہلا 20 اوورز ورلڈ کپ 11 ستمبر سے ساؤتھ افریقہ میں شروع ہوگا۔ اعلان کردہ کھلاڑیوں میں شعیب ملک، شاہد آفریدی، یونس خان، محمد یوسف، یاسر حمید، فواد عالم، سلمان بٹ، عمران نذیر، عبدالرزاق، کامران اکمل، شعیب اختر، محمد سمیع، محمد آصف، عمر گل، راؤ افتخار انجم، عمران فرحت، خرم منظور، خالد لطیف، ایم حفیظ، مصباح الحق، نوید لطیف، فیصل اقبال، شاہد یوسف، یاسر عرفات، سہیل تنویر، ذوالقرنین حیدر، محمد ارشاد، نجف شاہ، دنیش کنیریا اور عبدالرحمن شامل ہیں۔ فیوچر ٹریننگ کیمپ میں حصہ لینے والے متعدد کھلاڑیوں کو نظرانداز کردیا گیا جن میں عبدالرؤف اور عدنان رضا بھی شامل ہیں۔