کراچی(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک-29-ستمبر2007)پاکستان کے سابق کپتان انضمام الحق نے اپنی عدم دستیابی سے آگاہ کردیا جس کے بعد ان کو ساؤتھ افریقہ کے خلاف کراچی ٹیسٹ کیلئے زیرغور نہیں لایا گیا، تاہم انہوں نے اپنی عدم دستیابی کی کوئی 5وجہ نہیں بتائی، اس امر کا اعلان چیف سلیکٹر صلاح الدین احمد نے کیا۔ انضمام الحق نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا لیکن ان کو پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ رنز بنانے والا کرکٹر بننے کے لئے صرف 20رنز کی ضرورت ہے۔ صلاح الدین احمد نے کہا کہ اگر دوسرے ٹیسٹ کے لئے انہوں نے اپنی دستیابی سے آگاہ کردیا تو ان کا نام زیرغور لایا جائے گا۔ دوسرا ٹیسٹ 8اکتوبر سے شروع ہوگا۔ سلیکشن کمیٹی نے شاہد آفریدی کو ٹیسٹ سیریز میں حصہ نہ لینے کی اجازت بھی دیدی۔ گزشتہ روز 15رکنی ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے چیف سلیکٹر نے بتایا کہ 20اوورز ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی کے بعد مصباح الحق کو ٹیسٹ سکواڈ کا حصہ بنادیا گیا ان کی 4سال کے بعد واپسی ہوئی ہے۔ شعیب اختر جن کے خلاف ڈسپلنری کمیٹی میں کیس چل رہا ہے ان کو بھی سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔ چیف سلیکٹر نے کہا کہ ڈسپلنری کمیٹی کے فیصلے کے بعد ہی ان کو ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔ محمد یوسف جنہوں نے گزشتہ روز انڈین کرکٹ لیگ سے تعلق ختم کردیا تھا، سکواڈ کا حصہ بن گئے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ سال ایک کیلنڈر سال میں 1788 رنز بناکر عالمی ریکارڈ بنایا تھا۔ اعلان کردہ ٹیم میں شعیب ملک (کپتان)، سلمان بٹ، محمد حفیظ، یونس خان، محمد یوسف، مصباح الحق، فیصل اقبال، کامران اکمل، محمد آصف، عمر گل، دنیش کنیریا، عبدالرحمن، توفیق عمر، یاسر حمید اور راؤ افتخار شامل ہیں۔ 20 اوورز ورلڈ کپ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سہیل تنویر ٹیسٹ سکواڈ میں جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں۔ سکواڈ میں سلمان بٹ، محمد حفیظ، یاسر حمید اور توفیق عمر 4اوپنرز شامل ہیں جبکہ ریگولر سپنرز میں لیگ سپنر دنیش کنیریا اور لیفٹ آرم سپنر عبدالرحمن کو شامل کیا گیا ہے۔ پہلا ٹیسٹ یکم اکتوبر سے کراچی میں شروع ہوگا۔