لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک-29-ستمبر2007) محمد یوسف نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ سنٹرل کنٹریکٹ پر دستخط کردیئے اور انڈین لیگ سے معاہدہ ختم کردیا ہے۔ اس ضمن میں انڈین لیگ نے اگر کوئی بھی قانونی کارروائی کی تو پاکستان کرکٹ بورڈ تمام اخراجات برداشت کرے گا۔ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ نسیم اشرف نے قذافی سٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یوسف سے میری تفصیلی ملاقات ہوئی ہے۔ انڈین لیگ کے بارے میں محمد یوسف کو پوری طرح معلوم نہیں تھا کہ وہ پاکستان کی جانب سے نہیں کھیل سکتے جس وجہ سے انہوں نے انڈین لیگ سے معاہدہ ختم کیا۔ محمد یوسف قومی ٹیم کی ریڑھ کی ہڈی ہیں بورڈ نے انہیں سمجھایا اورانہوں نے ہماری بات مانی۔ آج سے کرکٹ اکیڈمی میں ٹریننگ شروع کردیں گے اور پہلے ٹیسٹ کيلئے ٹیم میں دستیاب ہوں گے۔ محمد یوسف ورلڈکپ 2011ء تک قومی ٹیم کا حصہ ہوں گے ان کی سلیکشن فٹنس برقراررکھنے پر ہوگی۔ جنوبی افریقہ کے خلاف قومی ٹیم محمد یوسف کے بغیر مکمل نہیں ہوسکتی۔ آج قومی ٹیم کا اعلان ہوگا جس میں محمد یوسف بھی شامل ہوں گے۔ محمد یوسف نے کہا ہے کہ کرکٹ بورڈ سے میرے تمام اختلافات ختم ہوگئے ہیں اور میں نے اپنی خوشی سے دوبارہ پی سی بی سنٹرل کنٹریکٹ کو سائن کیا ہے۔ انہوں نے کہا بورڈ نے مجھے پورا اعتماد دیا ہے جس پر میں نے انڈین لیگ سے معاہدہ ختم کیا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان کيلئے میری جان بھی حاضر ہے۔ پاکستان نے مجھے نام دیا ہر وقت اس کيلئے کھیلنے کو تیار ہوں میرے اور بورڈ کے درمیان جوغلط فہمی تھی وہ ختم ہوگئی اور اب میں نے سنٹرل کنٹریکٹ پر دستخط کردیئے ہیں۔ انہوں نے کہا انڈین لیگ سے جب معاہدہ کیا تھا مجھے قانون پتہ نہیں تھا جس کے مطابق میں پاکستان کی جانب سے نہیں کھیل سکتا تھا اگر مجھے معلوم ہوتا تو میں انڈین لیگ سے معاہدہ نہ کرتا اور میں نے اپنے مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے انڈین لیگ سے معاہدہ کیا تھا جسے اپنی مرضی سے ختم کردیا ہے۔