کولمبو (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک -02اکتوبر2007) سری لنکا نے پہلے ون ڈے میں انگلینڈ کو یک طرفہ طور پر 119 رنز سے شکست دے دی۔ جیت کیلئے 270 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے انگلش ٹیم صرف 150 رنز بنا سکی۔ مہاروف نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 31 رنز پر 4 وکٹیں اڑائیں ان کو مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔ سری لنکا نے ٹاس جیت کر خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں پر 269 رنز بنائے۔ تھارنگا نے 40، جے سوریا نے 41، سنگا کارا نے 38 ، جے وردھنے نے 66، چمارا سلوا نے 31 تلکارتنے دلشان نے 11 اور مہاروف نے 22 رنز بنائے۔ انگلینڈ کی طرف سے سائیڈ بوٹم براڈ اور کولنگ ووڈ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ انگلش ٹیم کی طرف سے پہلی وکٹ کی رفاقت میں 43 رنز بنے لیکن اس کے بعد 102 رنز پر 6 وکٹیں گر گئیں۔ کک نے 46، مسٹرڈ نے 27، سوانن نے 24 اور بوپارا نے 27 رنز بنائے۔ مالینگا، فرنینڈو اور جے سوریا نے ایک ایک اور تلکارتنے دلشان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اس طرح سری لنکا کو 5 میچوں کی سیریز میں 1-0 سے برتری حاصل ہو گئی۔