کوچین (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک03-اکتوبر2007) آسٹریلیا نے 7میچوں کی ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں بھارت کو 84رنز کی یکطرفہ شکست سے دوچار کرکے سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔ آسٹریلیا نے پہلے میچ کی طرح دوسرے میچ میں بھی بھارت کو فتح کے لئے 300سے زائد رنز کا ٹارگٹ دیا۔ بھارت نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو کھیلنے کی دعوت دی جس کا آسٹریلیا نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ ایڈم گلکرسٹ اور ہوج ایک بار پھر ناکام ہوئے، گلکرسٹ صفر اور ہوج نے 3رنز بنائے۔ پہلے میچ میں سنچری بنانے والے مائیکل کلارک نے 27رنز سکور کئے۔ 66 پر 3وکٹیں گریں تو آسٹریلوی مڈل آرڈر نے بھارتی باؤلرز کی خوب پٹائی کی۔ پہلے ہیڈن اور سائمنڈز کے درمیان 94 اور پھر سائمنڈز اور بریڈ ہیڈن کی شراکت میں 108 رنز سکور کئے۔ ہیڈن نے 89گیندوں پر 5چوکوں اور 3چھکوں کی مدد سے 75، سائمنڈز نے 83گیندوں پر 9چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 87 رنز بنائے۔ بریڈ ہیڈن 69 گیندوں پر 87 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ انہوں نے 8چوکے اور 3 چھکے لگائے۔ ہوپز 4رنز بناسکے۔ اس طرح آسٹریلیا نے 6 وکٹوں پر 306رنز بنائے۔ سری سانتھ نے 67رنز کے عوض 3 اور عرفان پٹھان نے 47 رنز کے عوض 2وکٹیں حاصل کیں۔ بھارتی ٹیم 222 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ دھونی 58 اور اوتھاپا 41 رنز بناکر نمایاں رہے۔ ٹنڈولکر نے 16، یووراج نے 10 اور ڈریوڈ نے 31 رنز بنائے۔ ہوگ نے 3، مائیکل کلارک اور سٹیوارٹ کلاک نے 2"2 وکٹیں حاصل کیں۔ بریڈ ہیڈن مین آف دی میچ رہے۔