حیدرآباد (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک05-اکتوبر2007) بھارتی آف سپنر ہربھجن سنگھ نے ورلڈ چیمپئن آسٹریلوی ٹیم کے کھلاڑیوں کو دنیا بھر میں سب سے زیادہ بدزبان اور مغرور قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آسٹریلوی ٹیم احساس برتری کا شکار ہے اس لئے اس کے کھلاڑی جب چاہے جس کی چاہیں بے عزتی کر دیتے ہیں۔ اس ٹیم کے کھلاڑی شکست قبول کرنے کے عادی ہی نہیں ہیں بلکہ جملے کسنے میں مہارت رکھتے ہیں۔ 20 اوورز ورلڈکپ میں بھارت کو شکست ان کے دماغ سے نہیں نکل رہی۔ ان کو کھیل کی سپرٹ کا کوئی خیال نہیں۔ انہوں نے جنٹلمین گیم کا حلیہ تبدیل کرنے کی ٹھان رکھی ہے۔ ان کے بعض الفاظ اتنے بے ہودہ ہوتے ہیں کہ سننے والے کو برداشت نہیں ہوتے جس پر لڑائی جھگڑا ہوتا ہے۔ دیگر کسی ملک میں اس طرح کی صورتحال نہیں حتیٰ کہ پاکستان اور بھارت کے میچوں میں بھی ایسی بدزبانی نہیں ہوتی۔ کھیل کے حوالے سے اگر کھلاڑیوں میں کوئی بات ہوتی ہے تو اس میں کوئی مضائقہ نہیں۔ اگر اب کسی آسٹریلوی کھلاڑی نے بدزبانی کی تو ہماری ٹیم خود ہی نمٹ لے گی۔ آئی سی سی کو چاہئے کہ وہ اس صورتحال کا نوٹس لے کر ورلڈ چیمپئن ٹیم کے خلاف کارروائی کرے