کراچی (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک06-اکتوبر2007) ساؤتھ افریقہ نے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو 160 رنز سے شکست دے کر 2 میچوں کی سیریز میں برتری حاصل کر لی۔ پاکستان کو جیت کیلئے 424 رنز کی ضرورت تھی لیکن پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 263 رنز بنا سکی۔ صرف یونس خان نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور 126 رنز بنائے اورکوئی کھلاڑی نصف سنچری بھی نہ بنا سکا۔ دونوں اننگز میں ڈبل سنچری بنانے پر کیلس کو مین آف دی میچ قراردیا گیا۔ کھیل کے آخری روز پاکستان نے 3 وکٹوں کے عوض 146 رنز پر دوبارہ اننگز شروع کی تو نائٹ واچ مین محمد آصف اپنے انفرادی سکور میں 6 رنز کا اضافہ طویل اننگز کی امید کی جا رہی تھی لیکن جب پاکستان کا سکور 197 ہوا تو یونس خان 126 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے 160 گیندوںکا سامنا کیا۔ 18 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ یونس خان کے آؤٹ ہونے کے بعد وکٹ کے اوپر مصباح الحق اور شعیب ملک موجود تھے۔ پاکستان کے 5 کھلاڑی پویلین میں واپس چلے گئے تھے اور یہ جوڑی پاکستان کی آخری امید تھی لیکن یہ دونوں صرف 33 رنز تک مزاحمت کر سکے جب پاکستان کا مجموعی سکور 230 تھا تو مصباح الحق 23 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے اس کے بعد پاکستان کی وکٹیں تیزی سے گرتی گئیں۔ کامران اکمل نے 9، عبدالرحمن نے صفر، عمر گل نے 8 اور دنیش کنیریا نے صفر رنز بائے۔ آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شعیب ملک تھے انہوں نے 4 چوکوں کی مدد سے 30 رنز بنائے۔ سٹین نے 55 رنز کے عوض 5، آندرے نیل نے 59 اور ہیرس نے 58 رنز کے عوض ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ دوسرا اور آخری ٹیسٹ 8 اکتوبر سے قذافی سٹیڈیم لاہور میں شروع ہو گا۔