کراچی (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک06-اکتوبر2007) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے لاہور ٹیسٹ کے بعد ہر طرح کی کرکٹ سے کنارہ کشی کا اعلان کردیا ہےانہوں نے یہ علان کراچی میں ایک پریس کانفرنس کر تے ہوئے کیا،انضمام الحق کو پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے والا کھلاڑی بننے کيلئے صرف 20رنز کی ضرورت ہے، اس وقت جاوید میانداد 8832 رنز بنا کر پاکستان کے ٹاپ سکورر ہیں جبکہ انضمام الحق نے 8813 رنز بنا رکھے ہیں۔ انضمام الحق ان کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہوں نے انڈین کرکٹ لیگ کے ساتھ معاہدہ کر رکھا ہے، ورلڈ کپ میں ٹیم کے پہلے راؤنڈ میں اخراج کے بعد انضمام الحق نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا لیکن ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا عزم ظاہر کیا تھا لیکن اس دوران انضمام الحق اور بورڈ کے درمیان سرد جنگ جاری رہی اور قومی سلیکشن کمیٹی ان کو بار بار اپنی فٹنس دکھانے کا مطالبہ کرتی رہی۔ انضمام الحق نے اپنی فٹنس ظاہر کرنے کيلئے اپنے کیرئیر میں پہلی بار کاؤنٹی کرکٹ میں بھی حصہ لیا، ساؤتھ افریقہ کيخلاف آخری ٹیسٹ 8اکتوبر کو لاہور میں شروع ہو گا، بورڈ کی طرف سے ان کی شاندار خدمات پر اعزاز دیا جائيگا۔