حیدرآباد (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک06-اکتوبر2007) آسٹریلیا نے بھارت کو تیسرے ون ڈے میں 47رنز سے شکست دے کر 7میچوں کی سیریز میں 2-0 سے برتری حاصل کر لی، آسٹریلیا نے 7وکٹوں پر 290 رنز بنائے۔ بھارتی ٹیم 243 رنز پر آؤٹ ہو گئی، آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر خود بیٹنگ کی اور ابتدائی پانچوں بلے بازوں نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا، گلکرسٹ نے 29، ہیڈن نے 60، پونٹنگ نے 25، مائیکل کلارک نے 59 اور سائمنڈز نے دھواں دھار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 89 رنز بنائے جس میں 5چوکے اور 5چھکے شامل تھے۔ ظہیر خان نے 61، سری سانتھ نے 58 اور عرفان پٹھان نے 57رنز کے عوض دو دو کھلاڑی آؤٹ کئے۔ بھارت کی 3وکٹیں صرف 13رنز پر گر گئیں، بعد میں ٹنڈولکر، یووراج سنگھ اور دھونی نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔ یووراج نے 12چوکوں اور 3چھکوں کی مدد سے 121رنز بنائے۔ ٹنڈولکر نے 43دھونی نے 33اور ہربھجن سنگھ نے 19رنز بنائے۔ بریٹ لی نے 33رنز کے عوض 3، ہوگ نے 46 رنز کے عوض 3 اور جونسن نے 51رنز کے عوض 2وکٹیں حاصل کیں، سائمنڈز کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔