لاہور (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک08-اکتوبر2007) پاکستان اور ساؤتھ افریقہ کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ آج سے قذافی سٹیڈیم میں شروع ہوگیاہے۔ ساؤتھ افریقہ کو 1-0 سے برتری حاصل ہے۔ پاکستانی ٹیم میں ریکارڈ ساز بلے باز محمد یوسف اور انضمام الحق کی شمولیت سے بیٹنگ لائن مضبوط ہوگئی ہے۔ تاہم قومی ٹیم ایک بار پھر سپن اٹیک پر انحصار کرے گی۔ ساؤتھ افریقی ٹیم میں بھی ایک دو تبدیلیوں کا امکان ہے۔ صبح پچ کو دیکھ کر پولاک کی شمولیت کا فیصلہ کیا جائے گا۔ انضمام الحق اپنے کیریئر کا آخری ٹیسٹ کھیلیں گے ان کو پاکستان کا ٹاپ سکورر بننے کیلئے 20 رنز کی ضرورت ہے۔ پی سی بی چیئرمین نسیم اشرف نے اس ٹیسٹ کو انضمام الحق کے ساتھ منسوب کیا ہے۔ شائقین میں ٹیسٹ کے بارے میں کوئی ذوق و شوق نہیں پایا جاتا جس کی وجہ سے تماشائیوں کی بہت کم تعداد متوقع ہے۔ اس کے باوجود سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ سٹیڈیم کے اندر اور باہر پولیس کی بھاری تعداد کی ڈیوٹی لگائی گئی ہے اور تماشائی کوئی ایسی چیز سٹیڈیم کے اندر نہیں لے جاسکیں گے جس کو گراؤنڈ کے اندر پھینکا جا سکے۔ گیٹوں پر تماشائیوں کی تلاشی لی جائے گی۔ رمضان المبارک کی وجہ سے بھی عام تماشائی کا ٹیسٹ کی طرف رجحان اور بھی کم ہے۔ میچ صبح 10 بجے شروع ہوگا۔ پاکستان کیلئے اس ٹیسٹ کی اہمیت اس لئے بہت زیادہ ہے کہ وہ ایک ٹیسٹ کے خسارے میں ہے اور اسے میچ جیت کر سیریز برابر کرنا ہے۔ اس لئے کھلاڑیوں پر زیادہ پریشر ہوگا