چندی گڑھ (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک09-اکتوبر2007) بھارتی ٹیم نے چوتھے ون ڈے میں آسٹریلیا کو 8 رنز سے شکست دے کر سیریز کی پہلی فتح سمیٹ لی۔ بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے 4 وکٹوںپر 291رنز بنائے۔ جس کے جواب میں آسٹریلوی ٹیم 7 وکٹوں پر 283 رنز بنا سکی۔ آسٹریلیا کی اب سیریز میں برتری 2-1 رہ گئی۔ آسٹریلیا کی شکست میں بڑا کردار ان کے باؤلرز نے ادا کیا۔ جنہوں نے 16 وائیڈز گیند کروائے۔ اس طرح بھارتی بلے بازوں کو تقریباً 2 اوور زیادہ کھیلنے کو مل گئے۔ گنگولی نے 41 ، ٹنڈولکر نے 79 ، یووراج سنگھ نے 39 ، مہندر سنگھ دھونی نے 50 رنز ناٹ آؤٹ اور اوتھاپا نے 30 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔ جیمز ہوپس نے 43 رنز کے عوض 2 اور بریکن نے 78 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔ آسٹریلوی آل راؤنڈر سائمنڈز ٹیم کو جیت کے قریب لے گئے تھے لیکن جب ٹیم کا مجموعی سکور 268 تھا تو انہوں نے وکٹ گنوا دی۔ اس موقع پر آسٹریلیا کو جیت کيلئے 19 گیندوں پر 23 رنز درکار تھے لیکن ہوپس اور بریٹ لی ٹارگٹ کو حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ ہیڈن نے 11 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 92 ، سائمنڈز نے 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 75 ، گلکرسٹ نے 18 ، پونٹنگ نے 29 ، ہوج نے 17 اور ہوپس نے 23 رنز بنائے۔ آرپی سنگھ اور ہر بھجن نے دو ، دو ، عرفان پٹھان اور مرلی کارتک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ دھونی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔ پانچواں ون ڈے 11 اکتوبر کو کھیلا جائيگا