لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک09-اکتوبر2007) پاکستان اور ساؤتھ افریقہ کے درمیان دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے پہلے روز ساؤتھ افریقہ نے اپنی پہلی اننگز میں 6وکٹیں گنواکر 259 رنز بنالئے۔ ایک اچھی اور باؤنسی پچ پر پاکستانی باؤلرز دباؤ ڈالنے میں ناکام رہے۔ ساؤتھ افریقہ نے گبز اور ہاشم آملہ کی وکٹیں جلد گنوادیں لیکن بعد میں آنے والے بیٹسمینوں نے ٹیم کا مجموعی سکور معقول ہندسوں تک پہنچانے میں اپنا کردار بخوبی نبھایا۔ سمتھ نے مسلسل دوسری مرتبہ ٹاس جیتا لیکن ابھی ساؤتھ افریقہ کا مجموعی سکور 24ہوا تھا تو پاکستان کو پہلی کامیابی ملی۔ عمر گل کی گیند پر مصباح الحق نے گبز کا کیچ لے لیا وہ 13رنز بناسکے۔ 10رنز بنانے کے بعد ہاشم آملہ بھی پویلین میں واپس لوٹ گئے ان کو محمد آصف نے شکار کیا جس کے بعد سمتھ اور کیلس کے درمیان 53رنز کی رفاقت بنی، جب ساؤتھ افریقہ کا سکور 100 تھا تو پاکستان کو ایک بڑی کامیابی ملی، سمتھ 46رنز بناکر واپس لوٹ گئے ان کو دنیش کنیریا نے بولڈ کیا۔ ان کی جگہ ایشول پرنس کھیلنے کے لئے آئے جب ٹیم کا سکور 160 ہوا تو پاکستانی باؤلرز نے ایک بڑی کامیابی حاصل کی۔ دنیش کنیریا نے کیلس کو ایل بی ڈبلیو کردیا، کیلس کے 59رنز میں 8چوکے اور ایک چھکا شامل تھا اب وکٹ پر ایشول پرنس اور ڈی ویلیئرز موجود تھے انہوں نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے ٹیم کا سکور 243رنز تک پہنچادیا۔ پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ایشول پرنس تھے جو عبدالرحمن کا شکار بنے۔ انہوں نے 5چوکوں کی مدد سے 63رنز بنائے۔ آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ڈی ویلیئرز تھے جو 45رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے۔ آج باؤچر 9اور آندرے نیل صفر سکور پر دوبارہ اننگز کا آغاز کریں گے۔ دنیش کنیریا نے 73رنز کے عوض 2وکٹیں حاصل کیں۔ آصف عمر گل اور عبدالرحمن کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ آج پہلے سیشن کا کھیل اہم ہوگا۔ پاکستان نے پہلے گھنٹے میں بقیہ وکٹیں حاصل کرلیں تو اس کا پلڑا بھاری ہوجائے گا۔