لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک11-اکتوبر2007) قذافی سٹیڈیم میں جاری پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے تیسرے روز 305 رنز کی برتری حاصل کرکے پاکستان کو ایک اور شکست کے دہانے پر لا کھڑا کیا۔ جنوبی افریقہ کی ابھی 8 وکٹیں باقی ہیں اور آج لنچ تک کھیل کر وہ پاکستان کیخلاف سیریز 2-0 سے جیت سکتا ہے۔ پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 206 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تو جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں 151 رنز کی برتری حاصل کرلی جبکہ دوسری اننگز میں انہوں نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنا لئے ہیں۔ سمتھ 75 اور کیلس37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ عمر گل اور عبدالرحمن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل پاکستانی ٹیم نے منگل کے روز کے سکور 140 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز کا آغاز کیا تو ناٹ آؤٹ بلے باز انضمام الحق 14 رنزبنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس وقت ٹیم کا مجموعی سکور 149 رنز تھا۔ ایک سکور کے فرق سے شعیب ملک، ایک سکور بنا کرآؤٹ ہوگئے۔ اسکے بعد مصباح الحق اور عبدالرحمن میں 39 رنز کی پارٹنرشپ بنی لیکن جیسے ہی مصباح الحق 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، 189 کے سکور پر تین وکٹیں گر گئیں۔ عمر گل اور کنیریا بغیر کوئی سکور بنائے آؤٹ ہوئے۔ محمد آصف نے 4 رنز بنائے۔ عبدالرحمن 25 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پال ہیرس ایک بار پھر کامیاب باؤلر ثابت ہوئے۔ انہوں نے اور نتینی نے 3\"3 جبکہ ڈیل سٹین نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان کے آخری 6 کھلاڑی سکور میں صرف 57 رنز کا اضافہ کر سکے۔