لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک11-اکتوبر2007) فاسٹ باؤلر محمد آصف نے سپیڈ سٹار شعیب اختر کی مشکلات کو آسان کردیا اور ان کی ساؤتھ افریقہ کيخلاف ون ڈے میچز کی سیریز میں شرکت کا امکان پیدا کردیا۔ پی سی بی کی ڈسپلنری کمیٹی نے ان کے کیس کا فیصلہ مؤخر کردیا ۔ محمد آصف کا ایم آر آئی ٹیسٹ آج کروایا جائے گا جس کی روشنی میں شعیب اختر کیس کا فیصلہ ہوگا۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق اگر سکین رپورٹ کے مطابق محمد آصف کچھ عرصے کيلئے کرکٹ کے میدانوں سے باہر ہوگئے تو پھر شعیب اختر کو صرف جرمانے کی سزا سنائی جاسکتی ہے۔ محمد آصف کہنی کی انجری کا شکار ہوئے ہیں۔ اسی وجہ سے شعیب اختر کیس کا فیصلہ مؤخر کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق شاہد آفریدی اور محمد آصف ان کومعاف کرچکے ہیں۔ پی سی بی کے ذرائع کا کہنا تھا کہ ان پر پانچ میچوں کی پابندی لگ سکتی ہے لیکن موجودہ صورتحال کے پیش نظر اب صرف جرمانے کا امکان پایا جاتا ہے۔