اسلام آباد(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک19-اکتوبر2007) سابق کپتان انضمام الحق کو پونے دو کروڑ روپے سالانہ کے عوض انڈین پریمیئر لیگ سے معاہدے کی پیشکش ہوئی ہے۔ باخبر ذرائع کے مطابق محمد یوسف کے بعد انضمام الحق بھی انڈین کرکٹ لیگ سے اپنا معاہدہ ختم کر سکتے ہیں۔ تاہم انضمام الحق نے اس حساس معاملے پر خاموشی اختیار کر لی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے چھ کھلاڑیوں کو انڈین پریمیئر لیگ سے معاہدہ کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ ان میں محمد یوسف، محمد آصف، شعیب اختر، انضمام الحق، شاہد آفریدی اور شعیب ملک شامل ہیں۔ انڈین کرکٹ لیگ نے معاہدے کی خلاف ورزی کرنے والے پاکستانی کھلاڑیوں کے رویے سے دلبرداشتہ ہو کر شاہد خان آفریدی سے رجوع کیا ہے۔ شاہد آفریدی کو تین سالہ معاہدے کے لیے منہ مانگی رقم دی جا رہی ہے تاہم آل راؤنڈر ابھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے سنٹرل کنٹریکٹ کی خلاف ورزی کرنے کو تیار نہیں ہیں۔ گریم سمتھ، سری لنکا کے قائد مہیلا جے وردھنے اور نیوزی لینڈ کے کپتان ڈینیل ویٹوری سمیت دنیا کے 25غیرملکی کھلاڑی انڈین پریمیئر لیگ میں شامل ہو گئے ہیں۔ شعیب نے انڈین پریمیئر لیگ کے ساتھ اپنے معاہدے کی کوئی تفصیل نہیں بتائی۔ آئی پی ایل کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی منظوری حاصل ہے جس میں 20-20 میچ ہوں گے جو آئندہ اپریل میں شروع ہوں گے۔ شعیب کو آئی سی ایل سے پیشکش ہوئی تھی۔ اس پیشکش کو انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کی اس دھمکی کے بعد مسترد کر دیا تھا کہ جو بھی کھلاڑی حریف لیگ میں شامل ہو گا وہ قومی ٹیم کے لیے نہیں کھیل سکے گا۔