نئی دہلی (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک19-اکتوبر2007) آئی سی سی کے ایلیٹ پینل میں شامل 36 سالہ پاکستانی امپائر علیم ڈار نے کہا ہے کہ وہ 50 سال کی عمر میں انٹرنیشنل میچوں میں امپائرنگ نہیں کریں گے اور ریٹائرمنٹ کی عمر سے دس سال قبل ہی انٹرنیشنل امپائرنگ کو خیرباد کہہ دیں گے۔ غیر ملکی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے علیم ڈار نے کہا کہ وہ خاندانی مصروفیات کے باعث امپائرنگ کو خیرباد کہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے خاندان والوں کو مزید قربانی کا بکرا نہیں بنانا چاہتے۔ علیم ڈار نے کہا کہ ان کے تین بچے ہیں اور ان کو ان کی بہت ضرورت ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں علیم ڈار نے کہا کہ اس کے علاوہ یہ بات بھی انتہائی اہم ہے کہ 50 سال کی عمر میں انسانی جسم میں بھی کئی اہم تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں اور انسان میں وہ پہلے جیسا دم خم نہیں رہتا یہی وجہ ہے کہ اس عمر تک پہنچنے سے پہلے ہی وہ ریٹائرمنٹ لینا چاہتے ہیں۔ علیم ڈار نے کہا کہ ان کا خاندان بالخصوص میری بیوی نے اب تک بہت قربانی دی ہے اور بچوں کی انتہائی عمدہ پرورش کر رہی ہیں لیکن وہ ان پر مزید بوجھ نہیں ڈالنا چاہتے۔