دبئی (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک19-اکتوبر2007) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ ٹونٹی 20ورلڈ چیمپئن شپ سے قبل پاکستانی اوپنر عمران نذیر کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت رہا تھا۔ آئی سی سی کے ترجمان نے بتایا کہ ٹورنامنٹ سے قبل عمران نذیر کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انہیں طبی بنیادوں پر کلیئر کردیا گیا۔ تاہم آئی سی سی کے ترجمان نے اس حساس معاملے پر مزید تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ذاکر خان نے اس حوالے سے بتایا کہ عمران نذیر سانس کی تکلیف کی وجہ سے ناک میں دوا (نوزل) استعمال کرتے ہیں۔ انہیں طبی بنیاد پر کلیئر کردیا گیا تھا۔ عمران نذیر جو ممنوعہ دوائیں استعمال کررہے تھے۔ اس کی اجازت آئی سی سی نے دے رکھی تھی۔ اس لیے وہ کارروائی سے بچ گئے۔ واضح رہے کہ آئی سی سی ٹونٹی 20ورلڈ چیمپئن شپ سے قبل پاکستانی اوپنرعمران نذیر کا ہونے والا ڈوپ ٹیسٹ مثبت رہا تھا۔ قومی ٹیم کے منیجر طلعت علی نے اپنی ٹوررپورٹ میں اس واقعہ کا تذکرہ کیا ہے۔