لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک20-اکتوبر2007) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر نسیم اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز جاری رہے گی اور جنوبی افریقہ کی ٹیم پاکستان کیخلاف سیریز کے باقی چاروں میچ کھیلے گی۔ ڈاکٹر نسیم اشرف نے کہا کہ پی سی بی کی طرف سے مکمل تحفظ کی یقین دہانی کے بعد جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم نے سیریز جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی بم دھماکوں کے بعد جنوبی افریقن کرکٹ ٹیم انتظامیہ نے حفاظتی انتظامات پر تشویش کا اظہار کیا تھا تاہم بورڈ کی طرف سے سخت حفاظتی اقدامات کی یقین دہانی کے بعد انتظامیہ نے سیریز جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مشکل صورتحال ہے لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ نے مہمان ٹیم کیلئے سخت حفاظتی اقدامات کر رکھے ہیں اور جنوبی افریقہ کی ٹیم کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔