لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک20-اکتوبر2007) قومی ٹیم کے کپتان شعیب ملک، محمد آصف اور یونس خان نے انڈین پریمئر لیگ کے معاہدے پر دستخط کر دیئے۔ ان کو پی سی بی نے کھیلنے کی اجازت دی تھی۔ انڈین پریمئر لیگ انڈین کرکٹ لیگ کا زور توڑنے کے لئے شروع کی جا رہی ہے اور کئی کھلاڑی جو انڈین لیگ میں شامل ہو گئے تھے وہ اپنے اپنے بورڈز کے کہنے پر پریمئر لیگ میں شامل ہو گئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے وکٹ کیپر بیٹسمین برینڈن میک کولم نے بھی معاہدہ کر لیا ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر للت مودی نے اس کی تصدیق کر دی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈز نے محمد یوسف، انضمام الحق اور شاہد آفریدی کو بھی کھیلنے کی اجازت دے رکھی ہے۔ جبکہ شعیب اختر پہلے ہی پریمئر لیگ جوائن کر چکے ہیں۔ پریمئر لیگ اگلے سال اپریل میں بھارت کے مختلف مقامات پر کھیلی جائے گی۔ جس میں 20اوورز میچ ہوں گے۔ اب پریمئر کرکٹ لیگ میں شامل ہونیوالے کرکٹرز کی تعداد 29 ہو گئی ہے۔