لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک ) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شعیب ملک نے 20اوورز ورلڈکپ کو مشکل ایونٹ قرار دیتے ہوئے بغیر ہارے جیتنے کی خواہش کا اظہار کردیا ہے۔ گزشتہ روز کیمپ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب ملک نے کہاکہ ورلڈکپ کون جیتے گا اس کے متعلق کچھ نہیں کہہ سکتے۔ یہ ایک مشکل ٹورنامنٹ ہے اور اس کو جیتنے کيلئے اپنی جان لڑا دیں گے اور ہماری خواہش ہے کہ ہم بغیر ہارے اس ایونٹ میں کامیابی حاصل کریں۔ کرکٹ بورڈ تین ملکی 20اوورز ایونٹ منعقد کراکر ہماری پریکٹس کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کررہا ہے۔ اس سلسلے میں مختلف ممالک سے رابطہ کیا گیا ہے مگر یہ نا بھی ممکن ہوا تو ہم بھرپور تیاری کریں گے۔ 20اوورز ورلڈکپ بہت زیادہ پریشر والا ہوگا۔ اس لئے بہترین کھلاڑیوں کو موقع دیں گے۔ ہمارا زیادہ فوکس فیلڈنگ پر ہے جو ٹیم 20 سے 29 رنز بچانے میں کامیاب ہوگی وہ جیت سکتی ہے۔ کوچ کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ ہم نے کوچ کيلئے اپنی سفارشات بورڈ کو بھجوا دی ہیں۔ کوچ کا تقرر کرنا ان کا کام ہے وہ جو فیصلہ کریں گے بہتر ہی ہوگا۔ دریں اثناء 20اوورز ورلڈکپ کی تیاری کيلئے لگائے گئے فٹنس کیمپ میں گزشتہ روز کھلاڑیوں نے فیلڈنگ پریکٹس کی۔ شاہدآفریدی اور محمدیوسف جو پہلے روز کیمپ میں شرکت نہیں کرسکے تھے انہوں نے کیمپ جوائن کرلیا جبکہ شعیب اختر کل تک کیمپ میں آجائیں گے۔ طلعت علی کے مطابق کھلاڑیوں کی فٹنس مثالی ہے اور امید ہے کہ مطلوبہ نتائج ٹارگٹ کے مطابق حاصل کرليے جائیں گے۔