سڈنی (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک23-اکتوبر2007)آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان رکی پونٹنگ نے آسٹریلوی شائقین کرکٹ کو خبردار کیا ہے کہ وہ آسٹریلیا کے دورے پر آنے والی بھارتی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں پر نسلی تعصب پر مبنی جملے کسنے سے باز رہیں اور میدان میں ان کے ساتھ اچھے رويے کا مظاہرہ کریں۔ بھارت کے خلاف ون ڈے سیریز جیتنے کے بعد میلبورن آسٹریلیا پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بھارت میں شائقین کی جانب سے سائمنڈز پر نسلی تعصب پر مبنی جملے کسے گئے جس کا مجھے بہت افسوس ہے۔ مجھے ڈر ہے کہ بھارتی ٹیم کو دورہ آسٹریلیا میں بھی اسی قسم کے واقعہ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے اپنے آسٹریلوی شائقین سے کہاکہ بھارتی کھلاڑیوں کے ساتھ میدان میں دوستانہ رويے کا مظاہرہ کریں۔ بھارتی ٹیم سال کے آخر میں آسٹریلیا جائے گی۔