ہانگ کانگ (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک23-اکتوبر2007) ہانگ کانگ سپر سکسز ٹورنامنٹ 27 اکتوبر سے شروع ہوگا۔ دو روز جاری رہنے والے ٹورنامنٹ میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے 8 بہترین ممالک کی ٹیموںکے علاوہ میزبان ہانگ کانگ اور آل سٹار ٹیم بھی شرکت کرے گی۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم ایونٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی جبکہ دو روز جاری رہنے والے ٹورنامنٹ میں جنوبی افریقہ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، سری لنکا، بنگلہ دیش، بھارت، انگلینڈ اور پاکستان کی ٹیموں کے علاوہ میزبان ہانگ کانگ اور آل سٹار ٹیم بھی حصہ لے گی۔ آل سٹار ٹیم میں دنیا بھر سے بڑے نام شامل ہیں۔ آل سٹار ٹیم کی قیادت شین وارن کریں گے جبکہ ٹیم میں برائن لارا، آفریدی، انیل کمبلے، میکملن اور میک گرا شامل ہیں۔ پاکستان پہلے ہی نوید لطیف کی قیادت میں قومی ٹیم کا اعلان کرچکا ہے جس میں یاسر عرفات، منصور احمد، سرفراز احمد، رضوان احمد اور عبدالرؤف شامل ہیں۔ بنگلہ دیش ٹیم کی قیادت محمد اشرفل کریںگے جبکہ ٹیم کے دیگر اراکین میں آفتاب احمد، عبدالرزاق، دلاور محمد، محمود الریاد، ناظم الحسین اور زنید صدیقی شامل ہیں۔