لاہور (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک 25-اکتوبر2007) ساؤتھ افریقی کھلاڑیوں کی خواہش پر پی سی بی نے کراچی میں 29اکتوبر کو ہونے والا آخری ون ڈے لاہور منتقل کردیا اور اب یہ میچ اسی تاریخ کو قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا اور وہ 5میچوں کی سیریز کا تیسرا میچ ہوگا جو لاہور میں کھیلا جائے گا۔ پی سی بی کے ڈائریکٹر شفقت نغمی نے اس کی تصدیق کردی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ساؤتھ افریقی ٹیم کے ساتھ آئے ہوئے سیکیورٹی افسر نے بدھ کو کراچی میں نیشنل سٹیڈیم کا دورہ کیا اور وہاں سیکیورٹی حکام سے ملاقات کی۔ پاکستانی سیکیورٹی حکام نے ان کو مکمل پلان سے آگاہی دی اور بتایا کہ ان کی سیکیورٹی میں مزید اضافہ کردیا گیا ہے۔ ساؤتھ افریقی سیکیورٹی آفیسر نے کراچی میں میچ کھیلنے کا گرین سگنل دے دیا جس کے بعد مختلف ٹی وی چینلز نے یہ خبر جاری کردی کہ ساؤتھ افریقہ کراچی میں کھیلنے پر رضامند ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق جب مہمان ٹیم کے ارکان کو یہ خبر ملی تو انہوں نے تحفظات کا اظہار کیا اور کراچی میں کھیلنے سے انکار کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ موجودہ حالات میں کراچی جانے کا رسک نہیں لے سکتے جس پر ساؤتھ افریقی منیجر نے پاکستانی بورڈ آفیشلز سے رابطہ کیا اور ان کو ساری صورتحال سے آگاہ کیا جس پر انہوں نے میچ لاہور منتقل کرنے کا اعلان کردیا۔ مہمان ٹیم کے منیجر نے اس سلسلے میں کراچی کے شائقین سے معافی مانگی ہے اور کہا کہ ہم وہاں کھیلنا چاہتے تھے لیکن حالات کے ہاتھوں مجبور ہیں۔ دوسری طرف یہ بھی اطلاع ملی ہے کہ کراچی میں مقامی انتظامیہ بھی میچ کرانے کا رسک لینے کے لئے تیار نہیں ہے، اس کی بھی خواہش تھی کہ کراچی میں ابھی بڑا اجتماع نہ کیا جائے۔