ہانگ کانگ (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک 25-اکتوبر2007) پاکستان کے آل راؤنڈر شاہد آفریدی کی جگہ انگلینڈ کے وکٹ کیپر گیرنٹ جونز کو آل سٹار ٹیم میں شامل کر لیا گیا جو ہانگ کانگ سپر سکسز ٹورنامنٹ میں حصہ لے گی۔ شاہد آفریدی نے پاک ساؤتھ افریقہ سیریز کی وجہ سے اپنی عدم دستیابی کی اطلاع منتظمین کو دے دی جس کی وجہ سے ان کو آل سٹار ٹیم سے خارج کر دیا گیا۔ ان کی جگہ شامل ہونے والے گیرنٹ جونز انگلینڈ کی اس ٹیم کے وکٹ کیپر تھے جس نے ایشز سیریز جیتی تھی۔ انہوں نے ٹیم میں سلیکٹ ہونے پر فخر کا اظہار کیا۔ ایسی ٹیم جس میں میگرا، شین وارن اور برائن لارا جیسے کھلاڑی شامل ہیں اس ٹیم میں کھیلنا میرے لیے ایک اعزاز ہے۔ بھارت کے وریندر سہواگ بھی آل سٹار ٹیم میں حصہ نہیں لیں گے۔ سپر سکسز ٹورنامنٹ 27اکتوبر کو ہانگ کانگ میں شروع ہو گا جس میں ہانگ کانگ، انگلینڈ، آسٹریلیا، بھارت، پاکستان، نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز، سری لنکا، ساؤتھ افریقہ اور آل سٹار ٹیم حصہ لے گی۔