اسلام آباد(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک 25-اکتوبر2007) پاکستان کرکٹ بورڈ کی گورننگ باڈی کا پہلا اجلاس 9 یا 10 نومبر کو طلب کیے جانے کا امکان ہے۔یہ صدر مملکت کی جانب سے تشکیل دی جانے والی 14 رکنی بااختیار گورننگ باڈی کا پہلا اجلاس ہو گا جس میں ملک میں کرکٹ کے فروغ کے لئے بنایا جانے والا ایک جامع پلان گورننگ باڈی کے سامنے رکھا جائے گا۔ اس گورننگ باڈی میں 2 سابق ٹیسٹ کرکٹرز، 6 ٹیکنکوکریٹس، ریجن کے 5 نمائندے اور فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے والے ڈیپارٹمنٹ کا ایک نمائندہ شامل ہے۔ اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر نسیم اشرف نے کہا ہے کہ ہم نے ملک میں کرکٹ کے فروغ کے لئے ایک جامع پلان بنایا ہوا ہے، یہ پلان گورننگ باڈی کے سامنے رکھا جائے گا اگر بورڈ کے اراکین اس میں ترمیم کرنا چاہتے ہیں تو باہمی مشاورت سے اس میں نئے منصوبوں کو شامل کیا جائے گا۔ پی سی بی کے تمام امور ملک کے مفاد میں اور اتفاق رائے سے کئے جائیں گے۔