ہانگ کانگ ( اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک 26-اکتوبر2007) ہانگ کانگ سپرسکسز کرکٹ ٹورنامنٹ آل سٹار ٹیم کی وجہ سے شائقین کیلئے اور زیادہ پرکشش بن گیا ہے۔ آل سٹار ٹیم میں برائن لارا، شین وارن، میگرا اور انیل کمبلے جیسے نامور کھلاڑی شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ 27 اور 28اکتوبر کو ہو گا۔ ایک گیم 6گیندوں کے 5اوورز پر مشتمل ہو گی۔ وکٹ کیپر کے علاوہ پانچوں کھلاڑی ایک، ایک اوور کروائیں گے۔ فائنل کا اوور 8گیندوں کا ہو گا۔ ہر کھلاڑی جو انفرادی طور پر 31سکور بنائے گا وہ ریٹائر ہو جائے گا تاہم اگر اوورز ختم ہونے سے پہلے پانچوں کھلاڑی آؤٹ ہو جائیں تو اس کی واپسی ہو سکتی ہے۔ ٹورنامنٹ میں 10ٹیمیں حصہ لیں گی۔ بریڈمین گروپ میں انگلینڈ، بھارت، نیوزی لینڈ، سوبرز گروپ میں آسٹریلیا، ساؤتھ افریقہ، بنگلہ دیش اور آل سٹار ٹیم کاؤڈرے گروپ میں سری لنکا، پاکستان اور ہانگ کانگ شامل ہے۔ پاکستانی ٹیم گزشتہ روز ہانگ کانگ پہنچ گئی۔ جنوبی افریقہ اعزاز کا دفاع کرے گا۔