ملتان (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک27-اکتوبر2007)جنوبی افریقہ نے چوتھے ون ڈے میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے ہرا کر سیریز برابر کردی اور اس کے ساتھ ہی لاہور میں 29 اکتوبر کو ہونے والا آخری ون ڈے فیصلہ کن بنادیا۔ ساؤتھ افریقہ نے پہلا اور چوتھا، پاکستان نے دوسرا اور تیسرا ون ڈے جیتا تھا۔ پاکستان کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر خود کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ شاہد آفریدی نے ایک بار پھر اوپنر کی ذمہ داری سنبھالی لیکن 4 گیندیں کھیلنے کے بعد بغیر کھاتہ کھولے واپس لوٹ گئے۔ ان کی جگہ یونس خان کھیلنے آئے لیکن دوسری طرف پولاک نے یاسر حمید کا شکار کرلیا۔ انہوں نے 10 رنز بنائے۔ محمد یوسف بھی لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 5 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے۔ اس طرح پاکستان کی 3 وکٹیں 38 رنز پر گر گئیں۔ تاہم یونس خان اور شعیب ملک نے ٹیم کو سنبھالا دیا اور چوتھی وکٹ کی رفاقت میں 88 رنز بنائے۔ شعیب ملک 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ مصباح الحق 7 رنز بنا سکے۔ جب ٹیم کا مجموعی سکور 158 تھا تو یونس خان بھی ساتھ چھوڑ گئے۔ انہوں نے 6 چوکوں اور 2 چھکوں سے 82 رنز بنائے۔ جس کے بعد کامران اکمل اور عبدالرحمن کے درمیان 60 رنز نے پاکستان کا سکور معقول ہندسوں تک پہنچادیا۔ کامران اکمل نے 28 اور عبدالرحمن نے 31 رنز بنائے۔ اس طرح پاکستانی ٹیم نے 9 وکٹوں پر 230 رنز بنائے۔ ساؤتھ افریقہ نے 37.4 اوورز 3 وکٹیں کھو کر ہدف حاصل کرلیا۔ سمتھ نے 81، پولاک نے 90 اور گبز نے 39 رنز بنائے۔ سمتھ اور پولاک کے درمیان 163 رنز کی شراکت بنی۔ سمتھ نے 103، گبز نے 35 اور پولاک نے 84 گیندوں کا سامنا کیا۔ افتخار انجم نے 2 اور شاہد آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ ساؤتھ افریقہ کی طرف سے نیل اور بوتھا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ پولاک مین آف دی میچ رہے۔پورے میچ میں صرف 4 چھکے لگے۔ 2یونس خان اور ایک ایک کامران اکمل اور شان پولاک نے لگایا