اسلام آباد (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک27-اکتوبر2007) چیئرمین پی سی بی ڈاکٹر نسیم اشرف نے فاسٹ باؤلرشعیب اختر سے کہا ہے کہ وہ بطور سینئر کھلاڑی اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور آئندہ ماہ دورہ بھارت کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ناقدین کو غلط ثابت کریں۔ اپنے ایک انٹرویومیں ڈاکٹرنسیم اشرف نے کہا ہے کہ دورہ بھارت قومی کرکٹ ٹیم کیلئے بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے بلکہ میرے خیال میں دورہ بھارت عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ تمام کھلاڑی جس میں شعیب اختر بھی شامل ہیں بھارت میں بہترین رویے کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہاکہ مجھے امید ہے کہ دورہ بھارت کے دوران شعیب اختر مکمل طور پر تبدیل نظر آئے گا کیونکہ یہ اس کیلئے آخری موقع ہے اور وہ اسے ضائع نہیں کرے گا۔