دبئی (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک-31اکتوبر2007) بھارت کے سابق کپتان روی شاستری کا خیال ہے کہ ماسٹر بلاسٹر سچن ٹنڈولکر کو ہی بھارت کی کرکٹ ٹیم کا کپتان بنایا جانا چاہئے ۔ شاستری نے اخبار گلف نیوز میں گزشتہ روز شائع ہوئے ایک بیان میں کہا کہ ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کے لئے سچن سے بہتر انتخاب کوئی ہو ہی نہیں سکتا ٹیم میں ان کی جگہ بالکل پختہ ہے اور کھلاڑی ان کا بہت احترام کرتے ہیں ۔ سچن پہلے بھی 2 بار بھارتی ٹیم کے کپتان رہ چکے ہیں جن میں سے ان کو 4 میں فتوحات ملیں اور 9 میں شکست 12 میچ ڈرا رہے ۔ انہوںنے 2000 ء میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز 0-2 سے گنوانے کے بعد کپتانی چھو ڑ دی تھی ۔ شاستری نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ سچن میں کپتان کی فطری صفات کم ہوں لیکن ان کی مدد کے لئے ٹیم میں کافی سینئر کھلاڑی موجود ہیں۔ خیال رہے گریگ چیپل کی چھٹی ہونے کے بعد شاستری کو کچھ دنوں کے لئے بھارتی ٹیم کا کوچ بنایا گیا تھا ان کی کوچنگ میں بھارتی ٹیم نے بنگلہ دیش میں بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا ۔ شاستری نے کہا کہ ہمارے کھلاڑی اجتماعی طور پر کھیل کا لطف نہیں لے رہے تھے میں نے ان سے کہا کہ جیت حاصل کرنے کے لئے مل جل کر کھیل کا مزا لینا ضروری ہے ۔