لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک01-نومبر2007) لگتا ہے کہ یونس خان پاکستان کرکٹ بورڈ کی مجبوری بن چکے ہیں کرکٹ بورڈ نے اس اعلان کے بعد کہ یونس کبھی کپتان نہیں بن سکتا اس دورہ بھارت کیلئے شعیب کا نائب مقرر کردیا گیا ہے جو اس سے پہلے دو مرتبہ قومی ٹیم کی قیادت کو ٹھکرانے والے کھلاڑی ہیں۔ حبیب بنک کے کھلاڑی نے نائب کپتانی کا عہدہ قبول کر لیا۔ اس کا باضابطہ اعلان گزشتہ روز کیا گیا۔ شعیب ملک کو کپتان بنانے کے بعد یہ تیسرے کھلاڑی ہیں جن کو یہ عہدہ دیا گیا ہے اس سے پہلے فاسٹ باؤلر محمد آصف اور اوپنر سلمان بٹ، شعیب ملک کے نائب کے طور پر کام کر چکے ہیں، ٹیم آج لاہور سے دہلی کيلئے روانہ ہو گی، ٹیم کے کپتان شعیب ملک ٹور کے بارے میں خاصے پُر عزم ہیں ان کا کہنا ہے کہ ساؤتھ افریقہ کے خلاف ہوم سیریز میں ہم نے اپنی غلطیوں کا اندازہ کر لیا ہے اور اس ٹور میں اس پر قابو پانے کی کوشش کریں گے۔ کھلاڑی مثبت سوچ کے ساتھ جا رہے ہیں اور ہم اٹیکنگ اور مثبت کرکٹ کھیلیں گے۔ شعیب اختر کی واپسی سے باؤلنگ اٹیک مضبوط ہو گیا ہے اور وہ اس ٹور میں ہمارا مؤثر ہتھیار ثابت ہونگے۔ ون ڈے سیریز میں بھارت کی قیادت مہندرا سنگھ دھونی کرینگے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 20اوورز ورلڈکپ کا فائنل کھیلا گیا تھا اس لئے دنیا بھر میں اس سیریز کا دلچسپی سے انتظار کیا جا رہا ہے۔ بھارت جانے والی ٹیم میں شعیب ملک (کپتان)، یونس خان(نائب کپتان) سلمان بٹ، عمران نذیر، یاسر حمید، محمد یوسف، شاہد آفریدی، مصباح الحق، فواد عالم، کامران اکمل، محمد آصف، شعیب اختر، عمر گل، سہیل تنویر، عبد الرحمن اور افتخار انجم شامل ہیں۔ طلعت علی منیجر اور جیف لاسن کوچ کے ساتھ مزید 6 آفیشلز شامل ہیں۔