لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک01-نومبر 2007) پاکستان کے آسٹریلوی کوچ جیف لاسن نے پاک بھارت کرکٹ سیریز کو ایشز سے بڑا قرار دیا اور کہا کہ وہ اس چیلنج کو قبول کرنے کیلئے تیار ہیں، میں متعدد بار بھارت جاچکا ہوں اور مجھے علم ہے کہ پاک بھارت میچ کو کس دلچسپی سے دیکھا جاتا ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان میچ کم اور جنگ زیادہ سمجھی جاتی ہے۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ہم نے ساؤتھ افریقہ کے خلاف اچھی کرکٹ کھیلی لیکن آخری 5 اوورز میں خراب کھیل نے ہماری ابتدائی جدوجہد کو برباد کردیا، اس سے ہم نے سبق سیکھا ہے اور کھلاڑی بھارتی ٹور میں اس سے گریز کریں گے، انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کے ابتدائی راؤنڈ کے بعد دونوں ملکوں کی کرکٹ میں بہت بہتری آئی ہے، تاہم میری ٹیم کو اس ٹف ٹور میں بہت محنت کرنا پڑے گی۔ انہوں نے اس امر پر خوشی کا اظہار کیا کہ دونوں ملکوں کی ٹیموں میں نئے کھلاڑی سپرسٹارز کی جگہ لے رہے ہیں۔ دونوں ٹیموں کے کپتان بھی نئے ہیں، دونوں نئے نظریات سے لیس ہیں۔ انہوں نے شعیب اختر کی واپسی کا بھی خیرمقدم کیا اور کہا کہ اگر وہ مکمل فٹ رہے تو وہ اس سیریز میں فیصلہ کن قوت ثابت ہوں گے ۔ بھارتی ٹیم بہت متوازن ہے جو اچھے سپنرز اور فاسٹ باؤلرز کا مجموعہ ہے لیکن ون ڈے کرکٹ میں اچھے باؤلنگ سپیل، بڑی اننگز اور چند اچھے کیچ میچ کا نقشہ تبدیل کر دیتے ہیں۔\