کراچی (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک01-نومبر 2007) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بیٹسمین اور دورہ بھارت کیلئے مقرر کئے جانے والے ٹیم کے نائب کپتان یونس خان نے کہا ہے کہ بھارت کی ٹیم نے پاکستان کیخلاف سابق کپتان راہول ڈریوڈ کو ٹیم سے ڈراپ کرکے بہت بڑی غلطی کی ہے، گزشتہ روز ٹیم کی نائب کپتانی ملنے کے بعد ایک غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے یونس خان نے کہاکہ بھارتی سلیکٹرز نے پاکستان کیخلاف پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کے پہلے دو ون ڈے میچوں سے راہول ڈریوڈ کو ڈراپ کرکے سنگین غلطی کی ہے اور اس کا احساس انہیں بعدمیں ہوگا، راہول ڈریوڈ سینئر و تجربہ کار بیٹسمین ہیں اور سلیکٹرز نے ان کے بارے میں غلط فیصلہ کیا ہے۔ یونس خان کا کہنا ہے کہ اگر بھارت کی ٹیم پاکستان کیخلاف پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کے پہلے دو میچوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکی تو پھر الزامات کا کھیل شروع ہو جائے گا اور اس کا نقصان بھارت کی ٹیم کو ہوگا، بھارت کی ٹیم اور سلیکٹرز دباؤ میں آجائیں گے اور ہم اس بات کا بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔