لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک02-نومبر 2007) پاکستانی ٹیم کو بھارت روانگی سے پہلے ہی شدید صدمے سے دوچار ہونا پڑ گیا۔ ٹیم کے اٹیکنگ باؤلر محمد آصف انجری کی وجہ سے ٹیم کے ساتھ نہ جاسکے اور اس طرح وہ بھارت کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے دستیاب نہیں ہوں گے۔ ان کی کہنی میں درد جاری ہے اور ڈاکٹروں نے ان کو مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔ وہ ساؤتھ افریقہ کیخلاف ہوم سیریز میں بھی 4 میچ نہیں کھیل سکے تھے۔ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر نے بتایا کہ ابھی اس بات کا اندازہ نہیں لگایا جاسکتا ہے کہ وہ کتنی دیر میں فٹ ہوں گے۔ تاہم ان کا پہلے تین ون ڈے کھیلنا ممکن نہیں رہا ۔ 26 اکتوبر کو محمد آصف کو چوتھے ون ڈے میں شامل کیا گیا جو ملتان میں کھیلا گیا تھا۔ اس میچ کے دوران ہی ان کو کہنی میں درد شروع ہوا جو بعد میں شدت اختیار کرگیا۔ سلیکشن کمیٹی نے کسی باؤلر کو ان کے متبادل کے طور پر بھارت روانہ نہیں کیا۔ دریں اثناء قومی ٹیم بھارت روانہ ہوئی تو لاہور ایئرپورٹ پر پی سی بی حکام اور کھلاڑیوں کے عزیزوں نے ان کو الوداع کیا۔ اے ایف پی کے مطابق ٹیم نئی دہلی کے اندرا گاندھی ہوائی اڈے پر اتری تو بی سی سی آئی کے آفیشلز نے ٹیم کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔ ایئرپورٹ سے باہر کافی تعداد میں شائقین موجود تھے جن کو ایئرپورٹ کے اندر نہیں جانے دیا گیا۔ ٹیم کو سخت سیکیورٹی حصار میں ہوٹل پہنچا دیا گیا۔ ٹیم میں شعیب ملک، یونس خان، محمد یوسف، شاہد آفریدی، مصباح الحق، سلمان بٹ، یاسر حمید، عمران نذیر، کامران اکمل، عمر گل، شعیب اختر، راؤ افتخار انجم، سہیل تنویر، عبدالرحمن اور فواد عالم شامل ہیں۔