نئی دہلی (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک02-نومبر 2007) پاکستان کے کوچ جیف لاسن نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت سے ہارکا کوئی دباؤ نہیں لیکن وہ پریشر موجود ہے جو پاک بھارت سیریز میں ہمیشہ دیکھنے کو ملتا ہے۔ نئی دہلی پہنچنے کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے نزدیک پاک بھارت سیریز ایشز سے بھی بڑی ہے جس میں ٹف مقابلے ہوں گے۔ ساؤتھ افریقہ کیخلاف سیریز کھیلنے کے بعد میری ٹیم بہت بہتر ہو گئی ہے، اس لئے میں کامیابی کے بارے میں پرامید ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اٹیکنگ کرکٹ پر یقین رکھتے ہیں اور اس کا مظاہرہ کرینگے۔ قومی کپتان شعیب ملک نے کہا کہ میچ میں ہار جیت تو ہوتی ہے اس لئے بہتر کھیل کا مظاہرہ کر کے کامیابی حاصل کریں گے۔ساؤتھ افریقہ کے ہاتھوں دونوں طرز کی کرکٹ ہارنے کے باوجود ہمارے حوصلے بلند ہیں۔ مثبت کرکٹ کا مظاہرہ کریں گے۔ آصف کے ان فٹ ہونے سے دھچکا پہنچا ہے۔ انہوں نے یووراج سنگھ کو بڑا خطرہ قرار دیا۔