اسلام آباد(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک02-نومبر 2007) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ماضی کے عظیم وکٹ کیپر راشد لطیف نے کہا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کسی کی جاگیر نہیں۔ ایک روزہ کرکٹ اور ٹیسٹ کرکٹ کیلئے الگ الگ ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔ قومی ٹیم میں اوپننگ کے ساتھ ساتھ مڈل آرڈر کا مسئلہ بھی پیدا ہو چکاہے۔ دورہ بھارت قومی کرکٹ ٹیم کیلئے سخت ثابت ہو گا۔ شعیب اختر، محمد یوسف اور یونس خان دورہ بھارت میں پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کریں گے۔ راشد لطیف نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف قومی کرکٹ ٹیم نے جس کارکردگی کا مظاہرہ کیا اس سے قومی کرکٹ ٹیم تباہی کی جانب جا رہی ہے۔ شعیب اختر نے آخری ایک روزہ میچ میں ثابت کر دیا ہے کہ وہ بہترین باؤلر ہیں۔ وہ ٹیم میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان کی شمولیت سے دورہ بھارت میں پاکستان کا باؤلنگ اٹیک مضبوط ہو گیا ہے۔ ٹیم میں اس وقت گروپ بازی ہے جس کی وجہ سے ٹیم مسائل کا شکار ہے۔