گوہاٹی(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک05-نومبر 2007) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھارتی سٹار بیٹسمین سچن ٹنڈولکر کی وکٹ لینے کا دعوی سچ ثابت کردیا ،راولپینڈی ایکسرپس نے گزشتہ دنوں واضح طور پر اعلان کیاتھا کہ پوری سیریز میں سچن ٹنڈولکر ان کا ہدف نشانہ ہوں گے جس کاآغاز انہوں نے گوہاٹی میں کھیلے گئے ابتدائی معرکہ میں سچن ٹنڈولکر کو ایل بی ڈبلیو آئوٹ کرکے کردیا ۔ ابھی سیریز کے چار میچز باقی ہیں اوردونوں ملکوں کے شائقین ان عظیم کھلاڑیوں کے درمیان بال اور بیٹ کی جنگ دیکھنے کے خواہش مند ہیں۔ بھارتی شائقین کی خواہش ہے کہ سچن ٹنڈولکر شعیب اختر کی درگت بنائے جبکہ پاکستانی شائقین کی خواہش ہوتی ہے کہ شعیب اختر پہلی ہی گیند پر سچن ٹنڈولکر کی وکٹیں اڑا دیں۔ 2003ء ورلڈ کپ میں ہونے والی اس جنگ میں ٹنڈولکر کامیاب رہے تھے اور انہوں نے 75 گیندوں پر 98 رنز بنائے تھے۔ شعیب اختر نے بھارت کے خلاف 23 ون ڈے میں 34 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔ دوسری طرف ٹنڈولکر نے پاکستان کے خلاف 61 ون ڈے میں 2122ء رنز بنائے جس میں 5 سنچریاں بھی شامل ہیں۔ شعیب اختر نے کہا کہ میں اپنی قوم سے وعدہ کرکے آیا ہوں کہ میں اپنی ٹیم کو سیریز میں فتح دلانے میں اپنی تمام تر توانائی استعمال کروں گا۔ کیونکہ ہو سکتا ہے کہ یہ میرا بھارت کا آخری دورہ ہو۔