گوہاٹی (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک06-نومبر2007) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان شعیب ملک نے بھارت کے خلاف پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں شکست کی ذمہ داری خراب فیلڈنگ پر عائد کی ہے۔ دھونی نے اپنی ٹیم کی کارکردگی کو مکمل اطمینان بخش قرار دیا اور بولروں کو جیت کا کریڈٹ دیا ہے۔ پیر کو میچ کے بعد شعیب ملک نے کہا کہ گوہاٹی کی وکٹ پر 240 رنز کا ہدف حاصل کرنا آسان نہ تھا کیونکہ وکٹ اسٹروک پلے کیلئے سازگار نہ تھی لیکن مجھے اپنی فیلڈنگ سے مایوسی ہوئی ہے، اگر دو تین کیچ ڈراپ نہ ہوتے تو ہم میچ جیت سکتے تھے۔ ہمیں اپنی غلطیوں سے سبق سیکھنا ہوگا، ابھی سیریز میں چار میچ باقی ہیں مجھے امید ہے کہ ہماری ٹیم سیریز میں واپس آئے گی، اگر ہم نے مواقع سے فائدہ اٹھایا تو موہالی میں بھارت کو ہرا سکتے ہیں۔ ہم نے کئی غلطیاں کیں اور اہم کیچ ڈراپ کیے جس کا خمیازہ بھگتنا پڑا۔ بھارتی کپتان دھونی نے کہا کہ یوراج درست وقت پر فارم میں آئے ہیں، وہ ٹیم کیلئے اثاثہ ہیں۔ انہوں نے جیت کا کریڈٹ بولروں کو دیتے ہوئے کہا کہ بولروں نے جیت کی بنیاد رکھی۔ جب آپ پاکستان کے خلاف کھیل رہے ہوں تو آپ کو اچھے اسٹارٹ کی ضرورت ہوتی ہے، ہمیں وہ آغاز بولروں نے فراہم کیا۔ بولروں نے فیلڈ کے مطابق اچھی بولنگ کی، دھونی نے مرلی کارتک اور ہربھجن کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ دونوں آسٹریلیا کے خلاف سیریز سے اچھی بولنگ کر رہے ہیں ان کی کارکردگی سے ٹیم کو فائدہ ہوا۔ ہربھجن نے 10 اوورز میں 29 رنز دے کر یونس خان کی وکٹ لی۔ کارتک نے 10روز میں 36رنز دیئے وہ وکٹ نہ لے سکے۔