سڈنی (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک07-نومبر2007) پاکستان میں ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد فروری میں آسٹریلوی ٹور کھٹائی میں پڑ سکتا ہے تاہم کرکٹ آسٹریلیا نے اس کا واضح اعلان نہیں کیا مگر اس امر کی تصدیق کر دی ہے کہ وہ پاکستان کے حالات کو مانیٹر کر رہی ہے اور اس سلسلے میں حتمی فیصلہ جنوری میں کیا جائے گا کہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم پاکستان کا ٹور کرے یا اسے منسوخ کر دے۔ آسٹریلوی ٹیم سیکیورٹی کے خدشات کی وجہ سے ماضی میں بھی پاکستان آنے سے انکار کر دیا تھا اور یہ سیریز غیر جانبدار مقامات شارجہ اور سری لنکا میں کھیلی گئی تھی جبکہ آسٹریلوی ہاکی ٹیم نے بھی پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں حصہ لینے سے انکار کر دیا تھا۔ دریں اثناء پی سی بی کا کہنا ہے کہ حالات معمول پر ہیں اور ٹور کو منسوخ کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ آسٹریلیا نے 3 ٹیسٹ اور 5 ون ڈے میچز کھیلنے ہیں۔ کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان پیٹرینگ کا کہنا ہے کہ ٹور شروع ہونے سے پہلے ہم پاکستان جا کر حالات کا جائزہ لیں گے۔ اس وقت تک ہم پاکستان پر گہری نظر رکھیں گے۔