لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک07-نومبر2007) شکست کے خوف سے بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف ٹونٹی ٹونٹی میچ کھیلنے سے انکار کردیا ہےذرائع کے مطا بق ورلڈکپ فاتح ٹیم کی ساکھ بچانےکیلئےبی سی سی آئی نے پاکستان کے ساتھ 20 اوورز میچ کھیلنے سے انکار کردیا اور اس کی وجہ یہ پیش کی ہے کہ پاکستان کا ٹور بہت ٹائٹ ہے جن شہروں میں یہ میچ ہوں گے وہاں تمام تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں اور نئے میچ کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ پہلے 20 اوورز ورلڈکپ کا فائنل بھارت اور پاکستان کے درمیان ہوا تھا جس میں مصباح الحق کی ایک شارٹ نے پاکستان کو فائنل کے اعزاز سے محروم کردیا تھا۔ پاکستانی شائقین اور خود کرکٹ بورڈ کی خواہش تھی کہ دونوں ٹیموں کے درمیان 20 اوورز کرکٹ کا میچ کرایا جائے۔ بورڈ کے ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں پاکستانی بورڈ نے اپنی اس تجویز سے بھارتی بورڈ کو آگاہ کردیا تھا۔ ذرائع کے مطابق بھارتی بورڈ نے اپنی اس تجویز سے بھارتی بورڈ کو آگاہ کردیا تھا۔ ذرائع کے مطابق بھارتی بورڈ نے اس پر سنجیدگی سے غور کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ تاہم بعد میں پاکستانی بورڈ کو آگاہ کیا کہ نئے میچ کے انتظامات کرانے مشکل ہیں۔ 20 اوورز ورلڈکپ کے بعد آئی سی سی نے ہدایت کی تھی ہر سیریز میں ایک 20 اوورز میچ لازمی رکھا جائے لیکن پاکستانی ٹیم کا شیڈول پہلے سے تیار کردہ تھا۔ اس لئے اس شیڈول میں 20 اوورز میچ نہیں رکھا گیا۔ تاہم حال ہی میں بھارت کا ٹور کرنے والی آسٹریلوی ٹیم نے ممبئی میں 20 اوورز میچ کھیلا تھا جو بھارتی ٹیم جیت گئی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کی بھی خواہش تھی کہ وہ بھارتی ٹیم کے ساتھ 20 اوورز میچ کھیل کر ورلڈکپ فائنل کی شکست کا بدلہ لیں لیکن بھارتی بورڈ نے پاکستانی کھلاڑیوں کی اس خواہش کو پورا نہ ہونے دیا۔