لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک07-نومبر2007) سابق فرسٹ کلاس کرکٹر ممبر کونسل لاہور ریجن کونسل ممبر طاہر شاہ نے قومی کرکٹ ٹیم کی بھارت کے ہاتھوں ون ڈے شکست کا ذمہ دار ناقص کپتانی، خراب فیلڈنگ کو قرار دیا اور کہا کہ ان کی دوستیاں نبھانے کی رسم ٹیم کو لے ڈوبے گی۔ طاہر شاہ نے کہا کہ کپتان شعیب ملک کامران اکمل کی وکٹ کے پیچھے ناقص کارکردگی کو چھپانے کے لیے انہیں بطور اوپنر بھیج رہے ہیں تاکہ انہیں رنز کرا کر سچا ثابت کیا جا سکے۔ اسی طرح عبدالرحمان جو معمولی درجہ کے سپنر ہیں انہیں بھی شعیب ملک کی آشیرباد حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ شعیب ملک کی بطور کھلاڑی ٹیم میں جگہ نہیں بنتی لیکن انہیں کپتان بنا کر قوم سے مذاق کیا گیا ہے۔ اسی طرح فاسٹ باؤلر راؤ افتخار انجم معمولی درجہ کے باؤلر ہیں۔ اگرچہ انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف اچھی کارکردگی دکھائی لیکن وہ انٹرنیشنل پایہ کے باؤلر نہیں ہیں۔