جوہانسبرگ (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک08-نومبر2007) ساؤتھ افریقہ کے آل راؤنڈر شان پولاک کا ستارہ ایک بار پھر گردش میں آگیا اور کپتان گریم سمتھ نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی حتمی ٹیم میں ان کو شامل کرنے سے انکار کردیا۔ ان کا نام 12 رکنی سکواڈ میں شامل تھا لیکن کپتان نے کہا کہ ہم وہی ٹیم کھلانا چاہتے ہیں جس نے پاکستان کو اس کی ہوم سیریز میں ہرایا تھا۔ اس ٹیم میں پولاک شامل نہیں تھے۔ ساؤتھ افریقہ اور نیوزی لینڈ کا پہلا ٹیسٹ آج وانڈروز سٹیڈیم میں شروع ہورہا ہے۔ پچ فاسٹ باؤلنگ کیلئے سازگار ہے لیکن ساؤتھ افریقی کپتان ان کی جگہ نئے فاسٹ باؤلرز پر زیادہ اعتماد رکھتے ہیں۔ 34 سالہ پولاک 107 ٹیسٹ میں 416 وکٹوں کے ساتھ 3761 رنز بنا چکے ہیں ان کو پاکستان کیخلاف پہلی بار کیریئر میں ٹیم سے ڈراپ کیا گیا تھا گزشتہ رات یہاں بارش ہوئی جس کی وجہ سے پچ پر نمی آگئی ہے جس کی وجہ سے سیم باؤلرز کو زیادہ مدد ملے گی۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم شین بانڈ پر زیادہ اعتماد کريگی۔ نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان ویٹوری نے پچ کو دیکھنے کے بعد خوشی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ حالات، موسم اور کنڈیشن ہمارے مطابق ہیں میرے فاسٹ باؤلر اس پر اچھی باؤلنگ کا مظاہرہ کریں گے۔ تاہم ٹیم کا اعلان آج صبح پچ دیکھنے کے بعد کیا جائے گا۔ دوسری طرف ساؤتھ افریقہ نے 11 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے جس میں گریم سمتھ، گبز، ہاشم آملہ، کیلس، ایشول پرنس، ڈی ویلیئرز، مارک باؤچر، آندرے نیل، پال ہیرس، سٹین اور نٹینی شامل ہیں۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق بعد دوپہر 1-30 پر شروع ہوگا جس کو سپر سپورٹس براہ راست ٹیلی کاسٹ کرے گا۔ پولاک نے دلبرداشتہ ہوکر ٹیم کیمپ چھوڑ دیا۔