نئی دہلی (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک10-نومبر2007) پاکستان کیخلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریزکیلئے بنائے گئے کپتان انیل کمبلے نے کہا ہے کہ کرکٹ کیریئر کے اختتام پر ان کو جو چیلنج ملا ہے وہ اس سے عہدہ برآ ہونے کی کوشش کریں گے۔ مجھے یہ ذمہ داری ایسے وقت میں ملی ہے جب پاکستانی ٹیم بھارت کا ٹور کررہی ہے اور مجھے یقین ہے کہ نئی ذمہ داری میری پرفارمنس کو نکھارنے میں مزید مدد دے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں آگے کی طرف نہیں دیکھ رہا میری نظریں صرف پاکستان کی سیریز پر ہے یاد رہے کہ بھارت نے دسمبر میں آسٹریلیا جاکر 4 ٹیسٹ کھیلنے ہیں اور اگلے سال مارچ میں تین ٹیسٹ میں ساؤتھ افریقہ کی میزبانی کرنی ہے۔ ہر کرکٹر کا یہ خواب ہوتا ہے کہ وہ اپنی ٹیم کی قیادت کرے لیکن مجھے یہ منصب بہت دیر سے ملا۔ ماضی میں مجھے کئی مرتبہ یہ عہدہ دیا جاسکتا تھا لیکن ایسا نہ ہوا۔ انیل کمبلے بھارت کے سب سے کامیاب باؤلر ہیں۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں 566 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ شین وارن 708 اور مرلی دھرن نے 702 وکٹوں کے ساتھ پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں۔ کمبلے 2002 ء میں انگلینڈ کیخلاف چنائی میں ہونے والے ون ڈے میں ٹیم کی قیادت کرچکے ہیں اور یہ میچ بھارت نے جیتا تھا۔