جوہانسبرگ (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک12-نومبر2007) ساؤتھ افریقہ نے نیوزی لینڈ کو سب سے مارجن 358 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 سے برتری حاصل کر لی۔ ساؤتھ افریقہ نے نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 531 رنز کا ٹارگٹ دیا تھااور کیویز ٹیم دوسری اننگز میں 172 رنز بنا سکی۔ کھیل کے آخری روز نیوزی لینڈ نے کھیل شروع کیا تھا تو شکست کے بادل ان پر منڈلا رہے تھے اور ان کیلئے میچ کو بچانا بہت مشکل ہو گیا تھا۔ چنانچہ اورم اور ویٹوری نے معمولی مزاحمت کا مظاہرہ کیا۔ ان دونوں کے درمیان 44 رنز کی رفاقت بنی۔ اورم نے 5 چوکوں کی مدد سے 40 رنز بنائے اور 128 منٹ تک مزاحمت کی۔ ویٹوری 5 چوکوں کی مدد سے 46 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ انہوں نے 79 منٹ تک ساؤتھ افریقہ کی نپی تلی باؤلنگ کا سامنا کیا۔ اس سے پہلے فلیمنگ نے 17 سٹائرس نے 18، میک کولم نے 26 رنز بنائے۔ شین بانڈ انجری کی وجہ سے بیٹنگ کرنے نہیں آئے۔ ساؤتھ افریقہ کے فاسٹ باؤلر سٹین دوسری اننگز میں بھی کامیاب رہے۔ انہوں نے 59 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے پہلی اننگز میں بھی 5 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کو مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔ آندرے نیل نے 37 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔ کیلس اور ہیرس نے ایک ایک وکٹ بٹوری۔ ساؤتھ افریقہ نے پہلی اننگز میں 226 رنز بنائے جس کے جواب نیوز ی لینڈ نے 118 رنز بنائے۔ ساؤتھ افریقہ نے دوسری اننگز میں 3 وکٹوں پر 422 رنز بنا کر اننگز ختم کرنے کا اعلان کیا