لکھنو(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک13-نومبر2007) پاکستانی آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی اور بھارتی بیٹسمین گوتم گھمبیر کے درمیان ہونے والے ناخوشگوار واقعے کے بعد شاہد آفریدی نے معذرت تو کرلی ہے لیکن بھارتی میڈیا نے اس واقعہ کو بہت زیادہ اچھال دیا ہے تاہم دونوں ٹیموں کے تعلقات معمول پر آگئے ۔ شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ میری غلطی تھی جس پر میں نے گوتم سے معذرت کرلی ۔ وہ وقتی جذباتی لمحہ تھا ۔ اس وقت بھارتی بیٹسمین حاوی تھے اس لئے میں بولروں کی کارکردگی کی وجہ سے غصے میں تھا ۔ اچانگ گوتم میرے سامنے آگیا ۔ مجھے سمجھ نہ آسکا اور میں الجھ پڑا، البتہ معاملہ ختم ہوگیا ہے۔ پاکستانی ٹیم کے میڈیا منیجر احسن حمید ملک کا کہنا ہے کہ معاملہ افہام تفہیم سے طے ہو گیا ہے اور میچ ریفری روشن ماہناما نے کھلاڑیوں کو طلب کیا اور نہ کارروائی کی ۔ دریں اثنا اتوار کی شب بھارتی ٹیم نے رابن اوتھاپا کی سالگرہ منائی ۔ اس دوران پاکستان اور بھارت کے کھلاڑیوں کے درمیاں ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، کھلاڑیوں نے دوستانہ ماحول میں گفتگو کی ۔ دوسری جانب بھارتی میڈیا نے شاہد آفریدی اور گوتم گھمبیر کے واقعے کو شہ سرخیوں میں جگہ دی ہے۔ بعض اخبارات اور چینلز نے پاکستانی سپراسٹار کو ولن بناکر پیش کیا ہے اور ان کے بارے میں پول کرایا ہے ۔ پاکستانی ٹیم کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس قسم کے واقعات پاکستانی ٹیم کو بدنام کرنے کی مہم کا حصہ ہیں ۔اس لئے ٹیم منفی پروپیگنڈے سے مرعوب نہیں ہوگی