لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک14-نومبر2007) کپتان شعیب ملک کی خواہش پر کامران اکمل کو واپس نہیں بھیجا جائے گا اور کمک کے طور پر سکواڈ میں شامل کئے گئے نئے وکٹ کیپر سرفراز احمد کا پہلے ون ڈے میں کھیلنا یقینی نہیں ہے۔ پی سی بی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد کو بھارت اس لئے بھیجا جا رہا ہے کہ صرف ناگزیر حالات میں ان کو کھلانے کا رسک لیا جائے، ٹیم کے سینئر کھلاڑی تک سخت پریشر میں ہیں اور اس صورت حال میں ایک نیا وکٹ کیپر جس کو فرسٹ کلاس کرکٹ کا بہت کم تجربہ ہے اس کا کیریئر داؤ پر لگ سکتا ہے ذرائع کے مطابق کامران اکمل کی انگلی میں کوئی چوٹ نہیں ہے اس نے تیسرے ون ڈے میں پورے 50 اوورز کیپنگ کی اور بعد میں بیٹنگ بھی کی ان کو رسوائی سے بچانے کے لئے سلیکشن کمیٹی نے فٹنس کا ڈھونگ رچایا، کامران اکمل اس سیریز میں کیپنگ اور بیٹنگ میں قطعی ناکام رہے ان کا شمار کپتان شعیب ملک کے قریبی دوستوں میں ہوتا ہے۔