کراچی(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک14-نومبر2007) نوجوان وکٹ کیپر سرفراز احمد بھارت روانہ ہوگئے ہیں ، ان کا کہنا ہے کہ وہ بھارت کے خلاف چوتھا ایک روزہ میچ کھیلنے کیلئے تیار ہیں۔ کراچی سے تعلق رکھنے والے نوجوان وکٹ کیپر بدھ کی صبح پی آئی اے کی پرواز272سے دہلی روانہ ہوگئے، بھارت میں موجود پاکستان کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ نے کامران اکمل کی انجری کی وجہ سے سرفراز احمد کو بھارت طلب کیا ہے،20سالہ سرفراز احمدنے آسٹریلیا اے اور جنوبی افریقاکے خلاف سائیڈ میچوں میں حصہ لیا اور گزشتہ سال ان کی قیادت میں قومی انڈر۔19ٹیم نے انڈر۔19کا ورلڈ ٹائٹل بھی اپنے نام کیا تھا،16فرسٹ کلاس میچ میں وہ 45کیچ اور 8اسٹمپ بھی کرچکے ہیں ، سرفراز کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم کی نمائندگی کرنا ہر کھلاڑی کیلئے اعزاز ہوتا ہے، بھارت کے دورے کیلئے انہوں نے سابق وکٹ کیپر معین خان نے خاص ٹپس لئے ہیں ،سرفراز احمد نے کہا کہ وہ چوتھا ایک روزہ میچ کھیلنے کیلئے بھی ذہنی طور پر تیار ہیں ، اگر انہیں موقع ملا تووہ قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔