نئی دہلی (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک15-نومبر2007) بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے پاکستان کے خلاف ابتدائی دوٹیسٹ میچوں کیلئے 14 رکنی کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا ہے اور ہربھجن سنگھ اور مرلی کارتیک بھارتی ٹیسٹ سکواڈ میں بھی جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ انیل کمبلے کو پہلے ہی بھارتی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیاگیا ہے جبکہ مہندراسنگھ دھونی کو نائب کپتان مقرر کیاگیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پرمشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ 22 نومبر کو شروع ہوگا۔ وریندرسہواگ کو پاکستان کے خلاف 91.14 کی اوسط سے رنزبنانے کے باوجود خراب فارم کے باعث ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل نہیں کیاگیا۔ جبکہ گوتم گھمبیر بھی ابتدائی دوٹیسٹ میچوں کیلئے بھارتی ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیںاورعرفان پٹھان اور رمیش پوار کوبھی بھارتی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل نہیں کیاگیا البتہ لکشمن ،راہول ڈریوڈ ، دینش کارتیک ، وسیم جعفر اور یوراج سنگھ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں حصہ لیں گے ۔ بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ کے سیکرٹری نرنجن شاہ نے میڈیا کو بتایا کہ ٹیم کا انتخاب میرٹ پر کیاگیا ہے اورکسی کے ساتھ زیادتی نہیں کی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے خلاف تیسرے ٹیسٹ اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز کیلئے بھارتی کرکٹ ٹیم کا اعلان بعد میں کیاجائے گا ۔ پاکستان کے خلاف ابتدائی دو ٹیسٹ میچوں کیلئے بھارتی کرکٹ ٹیم انیل کمبلے (کپتان)، وسیم جعفر، دینش کارتیک ، راہول ڈریورڈ ، سچن ٹنڈولکر ، ساروگنگولی ، لکشمن ، یوراج سنگھ ، مہندرا سنگھ دھونی (وکٹ کیپر) ، ہربھجن سنگھ ، ظہیرخان ، روراپرتاپ سنگھ ، سری سانتھ اورمرلی کارتیک پرمشتمل ہے۔