گوالیار (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک16-نومبر2007) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شعیب ملک نے گوالیار ون ڈے میں شکست کی ذمے داری بولروں پر عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی گیند پر بولروں نے اچھی بولنگ نہیں کی ۔ میچ کے بعد جمعرات کو انہوں نے کہا کہ وکٹ کو دیکھتے ہوئے 255 رنز کا ہدف آسان نہ تھا ۔ ہم جیت سکتے تھے ۔ لیکن بولروں نے نئی گیند پر زیادہ رنز دیئے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم پروفیشنل ہے اور ہم اپنی خامیوں پر قابو پاکر ایک ون ڈے اور ٹیسٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے ۔ شعیب ملک نے تیسری سیریز ہارنے کے بعد کہا کہ پاکستان کی کپتانی کرنا مشکل کام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کپتانی کا دباؤ ضرور ہے ہم سیریز کے دوران سیکھ رہے ہیں اور ٹیسٹ سیریز میں کم بیک کریں گے ۔ ٹیسٹ سیریز یک طرفہ نہیں ہوگی ۔ مین آف دی میچ سچن ٹنڈولکر نے کہا کہ مجھے اپنی کارکردگی سے زیادہ خوشی ٹیم کی جیت پر ہے ۔ میں سہواگ ، دھونی اور یووراج کی بیٹنگ کو بھی کریڈٹ دوں گا ۔ انہوں نے ہمیں آسان فتح دلوائی ۔ کپتان مہندر سنگھ دھونی نے کہا کہ کسی ایک کھلاڑی کو جیت کا کریڈٹ دینا مشکل ہے یہ ٹیم اسپرٹ کا نتیجہ ہے ۔ انہون نے کہا کہ سب نے محنت کر کے جیت کو ممکن بنایا ۔ ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد یہ جیت پوری ٹیم کے لئے اسپیشل ہے۔