جے پور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک17-نومبر2007) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور عظیم بیٹسمین انضمام الحق کا کہنا ہے کہ ون ڈے سیریز ہارنے سے شعیب ملک دباؤ میں آگئے ہیں ۔ پاکستان اور بھارت کے معاملات حساس ہوتے ہیں اگر شعیب ملک کی قیادت میں پاکستان ٹیسٹ سیریز بھی ہار گیا تو انہیں اپنی کپتانی بچانا مشکل ہوگی ۔ اس وقت بورڈ کچھ بھی کہہ لے کہ شعیب ملک کو 2008 تک کپتان بنایا گیا ہے لیکن اگر بھارت کے ہاتھوں شکست ہوگئی تو بورڈ کے حکام اپنی کرسیاں بچانے کے لیے شعیب ملک کو قربانی کا بکرا بنا سکتے ہیں ۔ وہ نئی دہلی سے نمائندہ جنگ کو خصوصی انٹر ویو دے رہے تھے ۔ انضمام نے کہا کہ بھارت نے ابھی تک ون ڈے سیریز میں پاکستان کو زیادہ مواقع نہیں دیے ہیں ۔ سوائے موہالی کے میچ کے سیریز میں بھارت کا پلہ بھاری ہے ۔ مجھے شعیب ملک سے ہمدردی ہے کیوں کہ انہوں نے میری کپتانی میں بہت کرکٹ کھیلی ہے ، اس مرحلے پر وہ یوں بھی زیادہ دباؤ میں دکھائی دیتے ہیں ان سے رنز نہیں بن رہے ۔انہوں نے کہا کہ شعیب ملک کو چاہیے کہ وہ اننگز اوپن کریں اور ایک بڑی اننگز ان کے اعتماد میں اضافہ کرسکتی ہے ۔ انضمام نے کہا کہ پاکستانی شائقین کبھی ہار برداشت نہیں کرتے ۔ خاص طور پر بھارت سے ہارنا کوئی برداشت نہیں کرسکتا ۔ ون ڈے سیریز کے بعد ملک کے لیے حالات مشکل ہوتے جارہے ہیں ۔ اگر ٹیسٹ سیریز بھی ہارگئے تو اس کے لیے مشکلات بڑھتی چلی جائیں گی ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کو اپنی کرسیاں بچانے کے لیے کسی کے گلے میں پھندا فٹ کرنا ہوگا اور اس کے لیے شعیب ملک بہترین چوائس ہوں گے ۔سلطان آف ملتان نے مزید کہا کہ میری ذاتی رائے میں کرکٹ بورڈ نے شعیب ملک کو 2008 تک کپتان بناکر اچھا فیصلہ کیا ہے ۔ ہم2011 کے لیے ٹیم تیار کر رہے ہیں ۔اس لیے شعیب ملک کوبحیثیت کپتان پورا چانس ملنا چاہیے ۔کسی کپتان کو پرکھنے کے لیے ایک دو سیریز ناکافی ہوتی ہیں ۔