لاہو ر (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے منیجر طلعت علی نے جیف لاسن کو کوچ بنائے جانے کے فیصلے کو دست قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ بورڈ نے دوررس نتائج حاصل کرنے کيلئے جیف لاسن کو کوچ بنایا ہے، وہ کافی سمجھدار کھلاڑی رہے ہیں، امید ہے کہ ہمارے کھلاڑی ان سے کافی کچھ سیکھیں گے۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر انتخاب عالم نے جیف لاسن کو کوچ بنائے جانے پر سخت تنقید کی ہے، انہوں نے کہا کہ ڈیو واٹمور تجربہ کار کوچ تھا جو قومی ٹیم کے ناتجربہ کار کپتان اور نائب کپتان کے ساتھ مل کر اچھا کمبی نیشن بنانے کی صلاحیت رکھتا تھا مگر بورڈ نے جیف لاسن کو کوچ بنا کر بڑی غلطی کی ہے جو کسی بڑی ٹیم کے ساتھ کوچنگ کا تجربہ نہیں رکھتے، اس فیصلے کے غلط نتائج بھی نکل سکتے ہیں۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شعیب ملک نے جیف لاسن کے انتخاب کو وقت کا تقاضا قرار دے دیا ہے۔ گزشتہ روز کیمپ کے بعدصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جیف لاسن کا انتخاب درست ہے، پاکستان کے پاس محمد آصف اور شعیب اختر سمیت بہت سے اچھے باؤلر ہیں جو جیف لاسن کے تجربے سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔